پاکستانی طلبہ شام کے اندر حالات سے تشویش میں مبتلا ہیں۔ زبیر صفدر
Posted on February 17, 2012 By Geo Urdu گجرات
ناظم اعلیٰ اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان اور انٹرنیشنل اسلامک فیڈریشن آف سٹوڈنٹ آرگنائزیشن کی مجلس شوریٰ کے رکن اورجنوبی ایشیاء ریجن کے کو آرڈینیٹر زبیر صفدر نے شام کے حالات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی طلبہ شام کے اندر خراب صورت حال سے پریشان ہیں ۔ عالمی طاقتیں ذاتی مفادات کی خاطر جان بوجھ کر شام کے حالات کو خراب کر رہی ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں شامی طلبہ کے وفد سے خطاب کرتے ہوئے کیا جہنوں نے بلال احمد (شامی طالب علم)کی قیادت میں ان سے ملاقات کی۔
زبیر صفدر نے مزید کہا کہ حمص اور دیگر علاقوں میں ہونے والی بمباری کے نتیجے میں بے گناہ قیمتی جانیں ضائع ہوئی ہیں ۔ ساڑھے پانچ ہزار سے زائد افراد کا خون ناحق بہایا جا رہا ہے۔ شام میں ہونے والی آئینی اصلاحات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ آئینی اصلاحات کی آڑ میں آزادی رائے پر پابندی بھی وہاں کے عوام کے ساتھ زیادتی ہے۔ اسلامی جمعیت طلبہ شام کے عوام کی حمایت جاری رکھے گی۔