وزیر خارجہ حنا ربانی کھر نے کہا ہے کہ سلالہ چیک پوسٹ پر حملے کے بعد پاکستان اور امریکا کے تعلقات تعطل کا شکار ہیں۔ مارک گراس مین کو پاکستان آنے سے نہیں روکا۔ برطانوی خبررساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق وزیرخارجہ نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ پاکستان اور افغانستان کیلیے امریکا کے خصوصی نمائندے کو آنے سے نہیں روکا گیا۔ نیٹو حملے کے بعد سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات تعطل کا شکار ہیں۔ دوسری جانب رائٹرز نے دعوی کیا ہے کہ پاکستان نیٹو سپلائی بحال کرنے پر راضی ہو گیا ہے۔ پاکستان کے سکیورٹی حکام کے مطابق نیٹو کی سپلائی کیلیے نیا ٹیرف مقرر کیاجائے گا جس میں بندرگاہ سے افغان سرحدی علاقے تک سامان کی سکیورٹی شامل ہو گی۔ چھبیس نومبر کے بعد دفاعی کمیٹی نے نیٹو سپلائی معطل کرنے کافیصلہ کیا تھا جسے اب دو ماہ ہونے والے ہیں۔ نیٹو کی سپلائی دیگر راستوں سے ہورہی ہے ۔ پینٹا گون کے مطابق نیٹو کی دیگر راستے سے سپلائی پر چھ گنا زیادہ خرچ آرہا ہے۔