چیف جسٹس لاہور ہائی کور ٹ عمر عطا بندیال نے کہا ہے پاکستان اور بھارت کو ایک دوسرے کا احترام کرنا چاہیے۔ وہ لاہور ہائی کورٹ پنجاب بار کونسل میں ہندوستان سے آئے ہوئے وکلا کے وفد سے خطاب کررہے تھے۔
چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے وکلا کو اس خطے کے عوام کو انصاف کی فراہمی میں کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیشہ ایک منصف نے ہی ملک کی تاریخ بدلی ہے اور اس کے کردار کو جھٹلایانہیں جاسکتا۔ تقریب سے اپنے خطاب میں بھارتی وفد کے سربراہ ادیش اگروال کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے تعلقات اچھے نہ ہوئے تو انتہاپسند قوتیں اس کا فائدہ اٹھائیں گی اس لیے منصف کو بھی اپنا کردار نیک نیتی سے ادا کرنا ہوگا۔ بھارتی وکلا کا وفد چار اکتوبر تک پاکستان میں مختلف بارایسوسی ایشنز کادورہ کرے گا اور پاک بھارت تعلقات کے حوالے سے سمیناراور بریفینگ میں شرکت کرے گا۔