پاکستان دہشتگردوں کیخلاف مزید اقدامات کرے،ہیلری

Hillary

Hillary

نئی دہلی: (جیو ڈیسک)امریکا کی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن نے کہا ہے دہشت گرد صرف امریکا یا بھارت کیلئے ہی نہیں عالمی امن کے لئے خطرہ ہیں۔ پاکستان دہشت گردوں کے خلاف مزید اقدامات کرے۔

نئی دہلی میں بھارتی وزیر خارجہ ایس ایم کرشنا کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں ہلیری کلنٹن کا کہنا تھا پاکستان اپنی سرزمین دہشت گردی کے لئے استعمال نہ ہونے دے اور دہشت گرد گروپوں کے خاتمے کے لئے موثر اقدامات کرے۔ انھوں نے کہا امریکا ممبئی حملوں کے لئے حافظ سعید کو ذمہ دار سمجھتا ہے ۔ حافظ سعید پر دس لاکھ ڈالرز کا انعام بھارت کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے رکھا گیا۔ انہوں نے کہا دہشت گرد پاکستان، افغانستان،بھارت اور تمام دنیا کے لئے خطرہ ہیں ۔ ان کے خاتمے کے لئے بھرپور کوششیں کی جانی چاہئیں۔

بھارتی وزیر خارجہ ایس ایم کرشنا کا کہنا تھا پاکستان دہشت گردوں کے ٹھکانے ختم اور ممبئی حملوں کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لائے۔ ایس ایم کرشنا نے کہا ایران عالمی برادری کے تحفظات دور کرنے کیلئے موثر اقدامات کرے۔