پاکستان محفوظ اور خوبصورت ملک ہے ، باکسر عامر خان

Aamir Khan

Aamir Khan

عالمی شہرت یافتہ باکسرعامرخان کا کہنا ہے کہ پاکستان محفوظ اور خوبصورت ملک ہے، سکیورٹی کے معاملے پر لوگ بہتان گھڑتے ہیں۔ شاہد آفریدی اچھے دوست ہیں، خواہش ہے کہ جلد ایسا موقع آئے کہ ان کا میچ دیکھوں۔

پاکستانی نژاد برطانوی باکسر اپنی منگیتر فریال مخدوم کے ساتھ لاہور میں اپنی شادی کی شاپنگ میں مصروف ہیں۔ لاہوری کھانوں سے شغل کے دوران انہوں نے بتایا انہیں لاہور اور پاکستان آکر بہت مزہ آتا ہے اور وہ یہاں سے ملنے والی محبت سے بہت خوش ہیں۔ پاکستان آتے ہوئے لوگوں نے ڈرایا بہت مگر یہاں سکیورٹی کے کوئی مسائل نہیں۔

انہوں نے بتایا کہ وہ اورشاہد آفریدی بہت اچھے دوست ہیں اوران کی خواہش ہے کہ ایک دن وہ شاہد کا میچ دیکھیں اور ان کی بھرپور سپورٹ کریں۔ عامر کے والد کا کہنا ہے کہ یہ پورے پاکستان کا بیٹا ہے اور اسے ملنے والی عزت سے ان کا سیروں خون بڑھ جاتا ہے۔

عامر خان نے داتا دربار بھی حاضری دی اور اپنے آنے والے مقابلے میں کامیابی کی دعا کی۔ ان کی شادی 31 مئی کو نیویارک میں انجام پائے گی۔