لاہور : امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر سید سرفراز نقوی نے کوئٹہ میں پولیس ٹریننگ سنٹر پر دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت انتہاپسندوں کو کیفر کردار تک پہنچائے وہ لاہور میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کر رہے تھے۔
سید سرفراز نقوی نے سانحہ کوئٹہ میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ اسلام و پاکستان دشمن عناصر نے ہر مکتب فکر کو اپنے پر تشدد نظریہ کا ہدف بنایا ہے حکومت ان عناصر کو دہشت گرد قرار دیکر سخت موقف اپنائے ملک دشمن عناصر اور کالعدم تنظیموں کے سربراہان کے ساتھ حکومتی وزراء کی ملاقاتوں پر محب وطن پاکستانیوںکو تشویش لاحق ہے حکومتی وزراء کا دہشت گردوں کے سربراہان سے ملاقاتیںکرنا شہداء کے خون سے غداری اور ان سے ہمدردی کا اظہار ہے۔
انہوں نے مزیدکہا کہ ملک عزیز پاکستان میں امن قائم کرنے والے اداروں کودہشت گردی کا نشانہ بنایا جا رہا ہے جبکہ دہشت گرد دندناتے پھر رہے ہیں کالعدم تنظیموں کے خلاف بلا تفریق آپریشن وقت کی ضرورت ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ دنوں کوئٹہ میں دہشت گردی کے واقعہ میں خواتین کو بربریت کا نشانہ بنایا گیا جس کی ذمہ داری کالعدم تنظیموں نے قبول کی لیکن حکومت نے اہلی کا ثبوت دیا اگر سانحہ شکارپور اور کوئٹہ میں دہشت گردی کے واقعات میں ملوث افراد کے ساتھ سختی سے نمٹا جاتا اور نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کیا جاتا تو پولیس ٹرینگ میں زیر تربیت نوجوانوں پر حملہ جیسے سانحات رونمانہ ہوتے ہیں۔