پاکستان کو بچانے کیلئے عمران خان کا ساتھ دیں اور اسی طرح جرات پیدا کریں : فیضان خالد بٹ
Posted on October 7, 2012 By Geo Urdu گجرات
گجرات (جی پی آئی) پاکستان تحریک انصاف ضلع گجرات کے راہنما فیضان خالد بٹ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ آج سے قبل کسی بھی سیاسی جماعت نے یہ جرات پیدا نہیں کی کہ وہ ڈرون حملوں سے متاثرہ علاقوں میں جا کر وہاں کے متاثرین کی مدد کریں اور اصل حقائق سے پردہ اٹھائیں ، پاکستان تحریک انصاف کے قائد عمران خان نے جرات مندانہ فیصلہ کیا ہے یہی وجہ ہے کہ امن مارچ کے شرکاء کا جگہ جگہ شاندار استقبال کیا گیا ہے۔
بڑی بڑی سیاسی جماعتوں کے راہنما ء اپنی قیادت کو خوش کرنے کیلئے مختلف قسم کی بیان بازی کر رہے ہیں جو کہ یہ ظاہر کرتی ہے کہ یہ سیاسی جماعتیں اور ان کے لیڈران امریکہ اور نیٹو افواج کے ڈرون حملوں اور فوجی آپریشن سے خوش ہیں چاہے وہ پاکستان کی سلامتی کے خلاف ہی کیوں نہ ہوں ، پاکستان تحریک انصاف کے نوجوان ملک کا دفاع کرنا جانتے ہیں ، ایسے سیاسی لیڈران کے بیانات جو کہ اپنی دکاندار ی چمکا رہے ہیں ، اس سے تحریک انصاف کے حوصلے پست نہیں کیے جا سکتے ، سیاسی جماعتوں کے قائدین کیا جانیں کہ ڈرون حملوں سے اور نیٹو افواج کے پاکستان کی سرحدوں پر حملے سے پاکستان کی دنیا بھر میں جگ ہنسائی ہو رہی ہے ، اور 70ہزار سے زائد افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں ۔
جبکہ لاکھوں افراد بے گھر ہو کر ملک کے دیگر حصوں میں پھیل چکے ہیں ، سیاسی جماعتیں دکانداری چمکانے کی بجائے پاکستان کو بچانے کیلئے عمران خان کا ساتھ دیں اور اسی طرح جرات پیدا کریں جس طرح عمران خان نے کی ہے ،سیاسی جماعتوں کے راہنما صرف بیان بازی کر سکتے ہیں عملی طور پر کچھ نہیں کر سکتے کیونکہ ان کے اثاثہ جات ان کے ممالک میں محفوظ پڑے ہیں ۔