پاکستان کو کرکٹ ورلڈ کپ جیتے 22 سال بیت گئے

World Cup

World Cup

کراچی (جیوڈیسک) 25 مارچ 1992، جس دن پاکستان کی دنیائے کرکٹ پر حکمرانی قائم ہوئی ، آسٹریلیا میں پاکستان ٹیم نے عالمی کپ ٹائٹل جیتا ، 22 سال گزر نے بعد بھی یہ سنہری دن عوام کے ذہنوں میں تازہ ہیں۔ 25مارچ 1992 کو ورلڈ کپ کرکٹ کے فائنل میں پاکستان نے انگلینڈ کو 22 رنز سے شکست دی اور ہر طرف جشن شروع ہو گیا۔

پاکستان ٹیم ایونٹ کی فیورٹ تھی نا اس کا آغاز اچھا تھا، لیکن بارش رحمت بن گئی، انگلینڈ سے ہارا ہوا میچ منسوخ ہوا، ایک پوائنٹس ملا جس نے پاکستان کو سیمی فائنل میں پہنچا دیا۔ سیمی فائنل میں معین خان بوم بوم کے روپ میں دکھائی دیئے۔ 11 گیندوں پر 20 رنز بنا ئے اور نیوزی لینڈ سے فتح چھین لی، انضمام الحق نے یاد گار اننگز کھیلی تو جاوید میانداد 57 رنز کے ساتھ ناٹ آٹ رہے۔

فائنل میں پاکستان کا انگلینڈ سے ٹاکرا ہوا، اوپنرز کے جلد آٹ ہونے کے بعد کپتان عمران خان اور جاوید میانداد نے 139 رنز کی شراکت قائم کی اور اسکور کو 249 تک پہنچا دیا، انگلینڈ بڑی تیزی سے ہدف تک بڑھا، لیکن وسیم اکرم کی دو گیندوں نے میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔ بس پھر گرین شرٹس چھا گئے۔ انگلش ٹیم اٹھ نہ سکی اور پاکستان نے پہلی بار کرکٹ کا عالمی ٹائٹل جیت لیا۔