ٹوکیو : (جیو ڈیسک) امریکی وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن کا کہنا ہے کہ افغانستان کا مستقل وہاں کی عوام کے ہاتھ میں ہے اور ڈونرز کی دی جانے والی رقم افغان تعمیر نو اور وہاں کی عوام کو دہشت گردی سے بچانے میں کام آئے گی۔
ٹوکیو میں جاپانی وزیر خارجہ کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے امریکی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ افغانستان کی سیکورٹی کا وہاں جنگ بندی سے تعین نہیں ہوسکتا۔انھوں نے کہا کہ افغانستان میں نوکریوں اور معاشی ترقی سے بھی صورتحال کا جائزہ لیا جاسکتا ہے۔
انھوں نے بتایا کہ ٹوکیو میں پاکستانی وزیرخارجہ کے ساتھ مثبت بات چیت ہوئی۔نیٹوسپلائی بحالی کے بعد دونوں ممالک کے درمیان چیلینجز پر بات چیت ہوئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بات چیت میں افغان مفاہمت کا معاملہ بھی زیر غور آیا۔ انھوں نے بتایا کہ ملاقات میں پاکستان کے لیے معاشی امداد کا معاملہ زیر غور آیا۔انھوں نے پاک امریکا تعلقات کو اہم قرار دیا۔
انھوں نے مزید بتایا کہ پاکستان کے لیے امداد کی جگہ تجارت بڑھانے کے فارمولے پر امریکا کام کر رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں جاری امن کی حمایت کرتا ہے اور وہاں امن اور اقتدار کی پر امن منتقلی چاہتا ہے۔انھوں نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف اہم جنگ میں مصروف ہے۔