پاکستان اور بھارت کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز آج شروع ہو گی، دونوں ملکوں کے سلیکٹرز نے نوجوان کھلاڑیوں کو بھی صلاحیتیں دکھانے کا موقع دیا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن ٹیم نے ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں 4 کھلاڑیوں کو انٹرنیشنل ڈیبیو کرنے کا موقع دیا ہے۔ تیس سالہ محمد عرفان بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر ہیں جنہوں نے سترہ ڈومیسٹک ٹی ٹوئنٹی میچوں میں چوبیس وکٹیں گرائیں۔
طول قامت بولر نے دو ایک روزہ انٹرنیشنل بھی کھیلے لیکن کوئی وکٹ حاصل نہ کر سکے۔ آل رانڈر اسد علی بھی نئے کھلاڑی ہیں جنہیں بھارت کے خلاف اپنی صلاحتیں دکھانے کا موقع مل سکتا ہے۔ اسد علی نے ڈومیسٹک کرکٹ کے انتیس ٹی 20 میچوں میں دس رنز اور چونتیس وکٹیں حاصل کیں۔ چونتیس سالہ بیٹسمین اور اسپن بولر ذوالفقار بابر بھی پہلی بار قومی اسکواڈ کا حصہ بنے ہیں۔ ذوالفقار بابر نے مقامی سطح پر اکیس ٹی ٹوئنٹی میچوں میں پینتیس رنز بنائے جبکہ چھبیس وکٹیں بھی ان کی ریکارڈ بک میں درج ہیں۔
مڈل آرڈر بیٹسمین عمر امین ون ڈے اور ٹیسٹ میں تو اپنا کیرئر شروع کر چکے ہیں۔ تیئس سالہ عمر امین کو بھارت کے خلاف ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں بھی شامل کیا گیا ہے۔ ڈومیسٹک 30ٹی ٹوئنٹی میچوں میں نوجوان بیٹسمین کے رنز کی تعداد چھ سو ننانوے ہے۔
بھارتی سلیکٹرز کی حمایت حاصل کرنے والوں میں ٹی ٹوئنٹی کے بھووِن شوار کمار ہیں۔ آل رانڈر نے پچیس ڈومیسٹک ٹی 20 میچوں میں اٹھاسی رنز بنائے اور اٹھارہ وکٹیں بھی ان کی ریکارڈ بک کا حصہ ہیں۔ دوسرے نوجوان بیٹسمین امباتی ریودو نے اناسی ڈومیسٹک ٹی میچوں میں نمائندگی کرتے ہوئے ایک ہزار سات سو پچیس رنز بنائے۔