پشاور امن لشکر کے سربراہ تین ساتھیوں سمیت قتل

Peshawar

Peshawar

پشاور : (جیو ڈیسک) پشاورکے علاقہ بازید خیل میں امن لشکر کے سربراہ فہیم تین ساتھیوں سمیت قتل کردیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق امن لشکر کے سربراہ فہیم اورتین ساتھیوں کی لاشیں دلہ زاک اور رنگ روڈ کے درمیان واقع چوک میں کھڑی گاڑی سے ملی ہیں۔

پولیس کے مطابق سفید رنگ کی لینڈ کروزر میں فہیم سمیت تین افراد کی لاشیں دوسری سیٹ پر جبکہ ایک شخص کی لاش آخری سیٹ پر پڑی تھی۔ پولیس کے مطابق سابق یوسی ناظم اور امن لشکر کے سربراہ فہیم کو سر میں تین گولیاں ماری گئی ہیں۔

اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور لاشوں کو قبضے میں لے لیا۔ ابتدائی رپورٹ کے مطابق فہیم کو ساتھیوں سمیت کہیں اور قتل کرکے لاشیں دلہ زاک روڈ کے چوک میں چھوڑ دی گئی ہے۔

امن لشکر کے سربراہ پر کئی خودکش حملے ہوچکے ہیں جبکہ دو ہفتے قبل بھی اس کی گاڑی پر خودکش حملہ کیا تھا، جس میں ان کے دو باڈی گارڈ جاں بحق ہوئے تھے۔