پنجاب : ڈینگی قابو سے باہر، ایک سو چوہتر نئے کیسز

punjab

punjab

لاہور: پنجاب میں ڈینگی وائرس کے حملوں میں شدت آ گئی ہے۔ ایک سو چوہتر نئے کیسز سامنے آنے سے متاثرہ افراد کی تعداد سترہ سو سے تجاوز کرگئی ہے۔ سرکاری طور پر منگوایا گیا ڈینگی سپرے بھی جعلی نکلا۔پنجاب میں ڈینگی سے متاثرہ افراد کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ ڈینگی بخار کے خوف سے ہزاروں افراد نے چیک اپ کے لئے اسپتالوں کا رخ کر لیا ہے۔ آئسولیشن وارڈز میں بستروں کی کمی کے باعث اسپتالوں کے دیگر شعبہ جات میں ڈینگی وارڈز قائم کر دیئے گئے ہیں۔
ضلعی حکومت کی جانب سے کیا جانے والا اسپرے جعلی ہونے کی خبریں منظر عام پر آنے کے بعد حکومت نے اس کا نوٹس لے لیا ہے۔ متاثرین کا کہنا ہے کہ اکثر علاقوں میں اسپرے کرنے والی ٹیمیں نہیں پہنچ رہیں، جہاں سپرے ہو رہا ہے وہ بے اثر ہے۔ ضلعی حکومت کے افسران کے مطابق وہ ہر علاقے میں اسپرے کر رہے ہیں لیکن زیادہ بارشوں سے کھڑا ہونے والا پانی ڈینگی کی افزائش کا باعث بن رہا ہے۔لوگوں کا کہنا ہے کہ سرکاری اسپتالوں میں ڈینگی سے متاثرہ افراد کی تعداد میں اضافے کے باعث بہت رش ہے جبکہ پرائیویٹ اسپتالوں میں مہنگے ٹیسٹ اور علاج کرانے کی وہ سکت نہیں رکھتے۔