کراچی کے علاقے کٹی پہاڑی پر یرغمال بنائی گئی پولیس پارٹی کو ڈیڑھ گھنٹہ کی کوشش کے بعد چھڑا لیا گیا۔ رحمان ملک نے ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دے دیا۔ تھانیدار کا کہنا ہے کہ ملزمان جلد پکڑلیں گے۔ کراچی میں کٹی پہاڑی پر پولیس کی کارروائی کے بعد علاقہ مکین مشتعل ہو گئے اور پولیس اہلکاروں کو یرغمال بنا لیا۔ ڈیڑھ گھنٹے کی تگ و دو کے بعد اہلکاروں کو چھڑا لیا گیا۔ ایس ایچ او پیر آباد پرویز گجرکا کہنا ہے کہ گزشتہ روز مشتبہ افراد نے علاقے کے میڈیکل اسٹورپردستی بم سے حملہ کیا تھا۔ پولیس کے مخبر کے مطابق حملہ کرنے والے مسجد میں موجود تھے۔ پولیس پارٹی نے اس اطلاع پرکارروائی کی۔ جس کے بعد مسجد انتظامیہ اورعلاقہ مکین مشتعل ہو گئے۔ پولیس پارٹی پر پتھراو کیا اور پولیس اہلکاریرغمال بنالئے۔ پولیس کے اعلی افسران کی مداخلت کے بعد پولیس پارٹی کو مشتعل شہریوں سے چھڑا لیا گیا۔ ایس ایچ او پیرآباد کا کہنا ہے کہ طالبان کمانڈر کی اطلاع میں کوئی صداقت نہیں ہے اورجلد ملزمان گرفتار کرلئے جائیں گے۔ دوسری جانب وزیرداخلہ رحمان ملک نے کٹی پہاڑی پر پولیس اوررینجرز پرفائرنگ کا نوٹس لے لیا ہے اور کہا ہے کہ کسی کو امن وامان خراب کرنے کی اجازت نہیں دے سکتے۔ جرائم پیشہ عناصر سے کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی۔ وزیر داخلہ نے پولیس پرفائرنگ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیا۔