اسلام آباد (جیوڈیسک) صدر زرداری اور وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کی زیرصدارت پیپلز پارٹی کی کور کمیٹی کے اجلاس میں وزیراعظم کی سپریم کورٹ میں پیشی سے متعلق لائحہ عمل پر غور کیا گیا۔اجلاس میں ملک میں امن و امان کی صورتحال، توانائی بحران اور سیلاب کی تباہ کاریوں پر غور کیا گیا۔ وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف اور وفاقی وزیر پانی و بجلی احمد مختار نے ملک میں توانائی کے بحران اور لوڈشیڈنگ پر قابو پانے کے لئے اٹھائے جانے والے حکومتی اقدامات سے اجلاس کو آگاہ کیا۔
وزیر داخلہ رحمان ملک نے امن و امان کی صورتحال اور عید کے دوران کئے جانے والے سکیورٹی اقدامات پر اجلاس کو بریفنگ دی۔ وفاقی وزیر ماحولیاتی تبدیلی رانا محمد فاروق سعید خان نے سیلاب کی تباہ کاریوں کے بارے میں بتایا۔ صدر زرداری نے سیلاب کی تباہ کاریوں سے نمٹنے کے لئے اقدمات تیز کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ اقلتیوں کو ہر قسم کا تحفظ فراہم کیا جائیگا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں وزیراعظم کی سپریم کورٹ میں پیشی سے متعلق لائحہ عمل زیر بحث آیا۔ اس کے علاوہ پاک امریکہ تعلقات اور ڈرون حملوں کے حوالے سے مشاورت کی گئی۔ اجلاس سے پہلے صدر آصف علی زرداری سے راجہ پرویز اشرف نے ون آن ون ملاقات کی۔