پیپلز پارٹی کی کولیشن حکومت نے ملک کے جمہوری نظام کومضبوط کیا ہے :قمر زمان

لالہ موسیٰ : وفاقی وزیر کا حلف اٹھانے کے بعد ڈیرہ کائرہ پر مختلف عوامی وفود کی جانب سے مبارک باد دینے والوں اور میڈیا کے ارکان سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری قمر زمان کائرہ نے کہا کہ ملک کی خارجہ پالیسی پہلی مرتبہ پارلیمنٹ میں ڈسکس ہوئی ہے خارجہ پالیسی اور امریکہ ، یورپ اور دنیا کے دیگر ممالک سے روابط اور معاہدوں کے تعین کا اختیار پارلیمنٹ کو دے کر پیپلز پارٹی کی کولیشن حکومت نے ملک کے جمہوری نظام کو مزید مضبوط کیا ہے ، انہوں نے کہا کہ 20ویں آئینی ترمیم کے ذریعے ملک میں غیر جانبدار نگران حکومت ، غیر جانبدار الیکشن کمشنر اور فری اینڈ فیئر الیکشن کی بنیاد رکھی گئی ہے ، آئندہ ہونے والے عام انتخابات کے بعد کوئی دھاندلی کا الزام نہیں لگا سکے گا انہوں نے ملک میں بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ این ایف سی ایوارڈ سے قبل تمام تر محصولات وفاقی حکومت کے دائرہ اختیار میں تھے ، جسے استعمال کرتے ہوئے وفاقی حکومت بجلی ، گیس پٹرول ، آٹا ، چینی اور دیگر اشیائے صرف کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لئے سبسٹڈی دیتی تھی ، انہوں نے کہا کہ این ایف سی ایوارڈ کے بعد صوبوں کو 400ارب روپے اضافی مل رہے ہیں اور اب اپنے صوبوں کے عوام کو ریلیف دینے کا اختیار بھی صوبوں کے پاس ہے جو استعمال نہیں کر رہے انہوں نے کہا کہ صرف پنجاب کو اپنے حصے سے زیادہ 200ارب روپے زائد مل رہے ہیں ، انہوں نے کہا کہ پنجاب کے وزیراعلیٰ الزامات کی سیاست کی بجائے پنجاب کے عوام کو ریلیف دینے پر توجہ دیں ۔