پی آئی اے کے طیارے کو ہائی جیک کرنے کی کوشش ناکام

PIA

PIA

پاکستان : (جیو ڈیسک) کراچی سے بہاولپور جانے والے قومی ائیر لائن کے طیارے کو جمعہ کی دوپہر ہائی جیک کرنے کی کوشش ناکام بنا دی گئی ہے جبکہ مشتبہ ہائی جیکر کو سیکورٹی اہلکاروں نے گرفتار کر لیا ہے۔ پرواز پی کے پانچ آٹھ چھ قریب ایک بجے کراچی سے بہاولپور کے لئے روانہ ہوئی تھی۔

اطلاعات کے مطابق طیارے میں ایک شخص جس کا نام احمد جاوید انصاری بتایا گیا ہے اس کی دو فضائی میزبانوں صدف منصور اور مہرین فاطمہ سے تلخ کلامی ہوئی جس کے شکایت کرنے وہ کاک پٹ کی طرف گئی تو پیچھے پیچھے جاوید انصاری بھی کاک پٹ تک پہنچ گیا۔ اس نے دھمکی دی تھی کہ طیارہ اغواء ہو جائے گا جس پر طیارے کے کپتان نے حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے طیارے کا رخ وآپس کراچی کی طرف موڑ دیا۔

اس دوران کپتان نے کاک پٹ میں موجود مائیک آن کردیا جس سے ہائی جیکر اور کپتان کے درمیان ہونے والی بات چیت سے کنٹرول ٹاور کو صورتحال کا علم ہوا۔

طیارے کی ساخت کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ یہ اے ٹی آر طیارہ ہے۔ اسے پرواز کے آدھا گھنٹے بعد ہی وآپس کراچی ائیر پورٹ اتار لیا گیا۔ یہ ہنگامی لینڈنگ تھی۔ ایئرپورٹ پر اس دوران ہنگامی صورتحال کا اعلان کر دیا گیا۔ طیارے کے لینڈ کرتے ہی اسے سیکورٹی فورسز اور کمانڈوز نے گھیرے میں لے لیا جبکہ ہائی جیکر کو گرفتار کر لیا گیا۔

دوسری جانب پی آئی اے کے ترجمان سلمان حسن کا کہنا ہے کہ ہائی جیکر کاک پٹ میں داخل نہیں ہوا تھا تاہم اس نے عملے کے ایک رکن کو کہا تھا کہ طیارہ اغواء ہو جائے گا۔

طیارے میں سینتالیس مسافر سوار تھے تاہم وہ پوری طرح محفوظ ہے۔ طیارے میں عملے کی تعداد چار ہے۔