پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کی صدارت کے تینوں امیدواروں نے متفقہ طور پر الیکشن ضوابط میں تبدیلی کی منظوری دے دی ہے۔ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے موجودہ صدر لیفٹننٹ جنرل (ر) عارف حسن، صدارتی امیدوار قاسم ضیا اور جنرل (ر) اکرم ساہی نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ تینوں امیدوار صاف اور شفاف انتخابات کے حامی ہیں۔ تمام امیدواروں کے خدشات دور کر کے متفقہ طور پر الیکشن قواعد و ضوابط میں تبدیلی کی منظوری دے دی گئی ہے۔ قاسم ضیا نے کہا کہ ہم کھیلوں کی اس تنظیم کو سیاست کی نظر نہیں کرنا چاہتے۔ جیت کسی کی بھی ہو لیکن سب مل کر کام کریں گے۔ دوسری جانب پاکستان آرمی کے نمائندے بریگیڈیئر اقتدار حسین نے جنرل (ر) اکرم ساہی کی حمایت کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے۔