اسلام آباد : (جیو ڈیسک) پی پی ایل نے عراق میں تیل و گیس کی تلاش شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق کسی پاکستانی تیل اور گیس کی کمپنی کا پاکستان سے باہر یہ پہلی سرمایہ کاری ہوگی۔ اس سلسلے میں 10کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کی منظوری کیلئے تجویز وفاقی کابینہ کو ارسال کر دی گئی ہے۔
وزارت پٹرولیم کے ذرائع کے مطابق پی پی ایل کو46 کمپنیوں میں سے پری کوالیفائی کرلیا گیا ہے اور عراق میں سرمایہ کاری کیلئے وفاقی کابینہ سے اجازت مانگی لی گئی ہے، پاکستان پٹرولیم لمیٹڈ نے چینی کمپنی زہن ہوا کے ساتھ کنشوریم بنالیا ہے۔ عراق میں تیل و گیس کی تلاش کیلئے آئندہ ماہ بولی ہوگی۔ اجازت ملنے کی صورت میں پی پی ایل منافع پاکستان بھیجنے کی پابند ہوگی۔