چمن چمن اسی رنگین قبا کو دیکھتے ہیں
Posted on March 1, 2012 By Adeel Webmaster محسن بھوپالی
Beautiful Girl
چمن چمن اسی رنگین قبا کو دیکھتے ہیں
ہر ایک جلوے میں جلوہ نما کو دیکھتے ہیں
ہمیں کتاب میں ہے ترا رخ روشن
ترے جمال میں نور خدا دیکھتے ہیں
وہ آئیں پرسش غم کو یقیں نہیں آتا
ہم اپنے سامنے آہ و رسا کو دیکھتے ہیں
ترے مزاج سے ہم اس قدر ہوئے مانوس
کہ شاخ گل میں بھی تیری ادا کو دیکھتے ہیں
کلی پہ تیرے لبوں کا گماں گزرتا ہے
گلوں میں ہم ترے رنگ حیا کو دیکھتے ہیں
یہ تیری جھیل سی آنکھوں میں ڈوبنے والے
تجھے خبر بھی ہے آب بقا کو دیکھتے ہیں
جو تیرے ہونٹ ہلیں تو پھوار پڑتی ہے
ترے سکوت میں شہر نوا کو دیکھتے ہیں
دمکنے لگتے ہیں ذرے جدھر سے تو گزرے
ستارے جھک کے ترے نقش پا کو دیکھتے ہیں
ترے قیام پہ ہوتا ہے سرو کا دھوکا
ترے خرام میں باد صبا کو دیکھتے ہیں
تجھے ہو علم تو کیسے، کہ دیکھنے والے
چھپا کے تجھ سے تیری ہر ادا کو دیکھتے ہیں
ترے ستم میں بھی ہم کو کرم نظر نہیں آیا
وہ اور ہوں گے جو خوئے جفا کو دیکھتے ہیں
وہ خوش گمان ہی ہم داد ظرف کی خاطر
جو دل شکن ہے اسی دلربا کو دیکھتے ہیں
کچھ اس میں اور ہی چاہت کا لطف ہے محسن
ہم اجنبی کی طرح آشنا کو دیکھتے ہیں
محسن بھوپالی