چکوال کے قریب پیر چنبل کے علاقے میں شدت پسندوں نے میجر سمیت اغواشدہ پانچ سیکیورٹی اہلکاروں کو شہید کردیا۔ علاقے میں سیکیورٹی فورسز اور پولیس کا شدت پسندوں کے خلاف سرچ آپریشن جاری ہے تاہم ابھی تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آسکی ہے۔ ذرائع کے مطابق کالعدم تنظیم لشکر جھنگوی کے لیڈر ڈاکٹر ارشد نے فورسز کے ایک حاضر سروس میجر آفاق کو اغوا کرکے سالٹ رینج کے پہاڑی علاقے میں رکھا ہوا تھا۔ مغوی افسر کی تلاش میں پاک فوج کے انٹیلی جنس یونٹ کے چار اہلکاروں نے مغوی میجر کی بازیابی کے لیے اس پہاڑی علاقے میں تلاش شروع کررکھی تھی جس کی اطلاع شدت پسندوں کو ہوگئی ۔ شدت پسندوں نے موقع ملتے ہی ان چاروں اہلکاروں کو بھی اغوا کرلیااور گذشتہ رات ان پانچوں کو شہید کردیا۔ شہید ہونے والوں میں میجر آفاق ، سپاہی مظہر ، سپاہی امجد ، سپاہی فیاض اور ڈرائیور مقصود شامل ہیں۔ ان پانچوں شہدا کی لاشوں کی تلاش کے لیے سول ایوی ایشن کی ہیلی کاپٹروں کو طلب کیا گیا جنہوں نے پہاڑی علاقے میں طویل سرچ آپریشن کے بعد تمام لاشیں برآمد کرلیں اور انہیں راولپنڈی منتقل کردیا۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے علاقے کا کنٹرول سنبھال لیا ہے اور آپریشن جاری ہے جس میں جہلم، چکوال اور منڈی بہاالدین کی پولیس بھی حصہ لے رہی ہے۔