کراچی/لاہور : (جیو ڈیسک) آل پاکستان وکلا کنونشن میں کیے گئے فیصلوں کے مطابق ملک کے مختلف شہرو ں کے وکلا آج حکومتی عزائم کے خلاف اور چیف جسٹس سے اظہار یکجہتی کے لیے یوم سیاہ منارہیہیں۔ کراچی میں سپریم کورٹ کی حمایت اور نو منتخب وزیراعظم کے خلاف سٹی کورٹ اور ملیر کورٹ میں وکلا نے عدالتوں کا بائیکاٹ کیا۔ کراچی بار کے تحت سٹی کورٹ سے ایم اے جناح روڈ تک ریلی اور دھرنا دیا جائے گا۔ لاہور میں بھی ڈسٹرکٹ بار کے وکلا احتجاج کررہے ہیں۔
راولپنڈ ی میں ہائیکورٹ بنچ اور ڈسٹرکٹ کورٹس میں بارایسوسی ایشن کی اپیل پرہڑتال کی جارہی ہے۔ بار ایسوسی ایشنز کا کہنا ہے کہ وہ چیف جسٹس کے مواخذے کے لیے پارلیمنٹ کو اختیارات دیے جانے کے کسی بھی اقدام یا آئینی ترمیم کی بھر پور مخالفت کریں گے۔ ملتان میں بھی ہائیکورٹ اور ڈسٹرکٹ کورٹ میں وکلا راجہ پرویز اشرف کو وزیراعظم بنائے جانے کے خلاف یوم سیاہ منارہے ہیں ۔ منڈی بہاو الدین اور مظفر گڑھ میں بھی وکلاہڑتال پر ہیں۔