واشنگٹن : (جیو ڈیسک) امریکا نے کہا ہے کہ ڈرون حملوں سمیت تمام تنازعات پر پاکستان سے بات چیت جاری ہے۔ وزیراعظم گیلانی کی سزا پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے، توقع ہے کہ اسلام آباد اسے شفاف طریقے اور ملکی قانون کے مطابق حل کرے گا۔
واشنگٹن میں امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان وکٹوریہ نولینڈ نے میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ امریکی ایلچی مارک گراسمین نے اسلام آباد میں پاکستانی حکام سے بات چیت کا سلسلہ شروع کردیا۔ پہلے مرحلے میں پارلیمانی کمیٹی سفارشات پر بات چیت شروع کی گئی تاہم ڈرون حملوں سمیت دیگر تنازعات بھی زیر بحث لائے گئے۔
نولینڈ نے کہاکہ مارک گراسمین نے مذاکرات میں افغانستان میں امریکی فوج سے مواصلاتی رابطہ بحال کرنے اور نیٹو رسد کی اجازت دینے پر زور دیا۔ وزیراعظم گیلانی کی سزا سے متعلق نولینڈ کا کہنا تھا یہ پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے۔