چین : (جیو ڈیسک)چین نے برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون کی دلائی لامہ سے ملاقات پر سخت رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملاقات چین کے اندرونی معاملات میں مداخلت ہے۔ برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون اور نائب وزیراعظم نک کلگ نے اس سے قبل لندن میں تبتی خود ساختہ جلاوطن رہنما دلائی لامہ سے الگ الگ ملاقاتیں کی تھیں۔
بیجنگ میں چینی وزارت خارجہ کے ترجمان ہونگ لی نے برطانوی رہنماوں کی دلائی لامہ سے ملاقات پر سخت رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملاقات چین کے اندرونی معاملات میں مداخلت ہے جس سے تبتی علیحدگی پسند قوتیں غلط فائدہ اٹھا سکتی ہیں۔ ترجمان نے مزید کہا کہ چین کسی بھی غیر ملکی رہنما کی دلائی لامہ سے ملاقات کو ہمیشہ تنقید کا نشانہ بناتا رہے گا۔ تبت سے متعلق معاملات کو استعمال کرتے ہوئے چین اندرونی معاملات میں مداخلت برداشت نہیں کریگا۔