ڈیرہ غازی خان ڈیرہ غازی خان میں سی آئی اے پولیس نے غازی گھاٹ کے مقام پر کارروائی کرتے ہوئے کالعدم مذہبی تنظیم سے تعلق رکھنے والے دہشت گرد کو فائرنگ کر کے ہلاک کردیا اور اس کے قبضے سے ہینڈ گرینیڈ، پسٹل اور دستاویزات برآمد کر لیں۔ پولیس کے مطابق سی آئی اے پولیس ملتان نے انٹیلی جنس انفارمیشن پر ڈی جی خان کے علاقہ غازی گھاٹ کے مقام پر ملتان سے ڈیرہ غازی خان آنے والی بس سے چیکنگ کے دوران مشکوک شخص کو بس سے اترنے کو کہا تو اس نے خود کو ہینڈ گرینیڈ کے ذریعے اڑانے کی کوشش کی
جس پر پولیس نے فائرنگ کر کے اسے ہلاک کردیا۔ پولیس کے مطابق مارے جانے والا دہشت گرد عبدالغفار قیصرانی ڈی جی خان کی تحصیل تونسہ شریف کا رہائشی ہے۔ جو تونسہ پولیس کو بینک ڈکیتی کے مقدمہ میں مطلوب تھا۔ تونسہ بینک ڈکیتی میں ملوث ایک دہشت گرد عمران ارشد پہلے ہی پولیس کی تحویل میں ہے۔ مارا گیا دہشت گرد عبدالغفوراور عمران ارشد لاہور میں سری لنکن کرکٹ ٹیم پر حملہ میں بھی ملوث تھا۔