کابل: مشرقی افغانستان میں نیٹو ہیلی کاپٹرگرکرتباہ ہونے سے متعدد افراد ہلاک اور زخمی ہوگئے، ہلمند میں نیٹو نے آٹھ شہریوں کو ہلاک کردیا۔ جبکہ افغان امن کونسل کا کہناہے کہ طالبان رہنما ملاعمر حکومت سے مذاکرات کیلئے تیارہیں۔ افغان حکام کے مطابق نیٹو ہیلی کاپٹر شہری آبادی میں گرکر تباہ ہوا، تاہم اس کے گرنے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی۔ غیر ملکی ٹی وی کے مطابق نیٹو ہیلی کاپٹر کی تباہی سے متعدد اتحادی فوجی ہلاک اور زخمی ہوئے۔ صوبہ ہلمند کے پولیس سربراہ کے مطابق ضلعے لشکر گاہ میں نیٹو کی بمباری میں آٹھ شہری ہلاک ہوگئے۔ ادھر افغان امن کونسل کے رکن اسماعیل قاسمیار کے مطابق طالبان رہنما ملک میں مصالحتی عمل میں شامل ہونا چاہتے ہیں۔ قاسم یار کا کہنا تھا کہ ملاعمر سے بل واسطہ اور بلا واسطے رابطے ہوئے ہیں اور وہ حکومت سے بات چیت کیلئے تیارہیں۔