کامرہ ائیر بیس پر حملہ, 9 دہشت گرد پاکستانی ہیں: حکام

Kamra Air force base attack

Kamra Air force base attack

کامرہ ایئر بیس پر حملے کی تحقیقات دوسرے روز بھی جاری رہیں، پاکستان ایرو ناٹیکل کمپلیکس کی سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے، حکومت نے تصدیق کی ہے کہ کامرہ ایئر بیس پر حملہ کرنے والے 9 دہشت گرد پاکستانی ہیں، چار مبینہ دہشت گرد بھی گرفتار کر لئے گئے۔

تحقیقاتی کمیٹی دہشتگردوں کے داخلے اور طیاروں کے بارے میں ان کی معلومات کا جائزہ لے رہی ہے۔ اس امر کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے کہ یہ کام کالعدم تحریک طالبان نے خود کیا یا کوئی بیرونی ہاتھ ملوث ہے۔ کیا دہشتگردوں کو معلومات بیس کے اندر سے کسی نے فراہم کیں یا سیٹلائٹ تصاویر سے مدد لی گئی۔ کمیٹی اس بات کا بھی جائزہ لے گی کہ پاکستان کے فضائی نگرانی کے نظام کو کیوں ٹارگٹ کیا گیا۔ تحقیقات کے دوران یہ بات بھی سامنے آئی کہ دہشتگردوں نے 200 فٹ کے فاصلے سے بارودی سرنگیں بچھائیں تھیں اور وہ ہولڈ اپ پوزیشن رکھنا چاہتے تھے۔ دوسری جانب کامرہ میں سیکیورٹی کو سخت بنانے کے لئے مزید ایک کمپنی کو تعینات کیا گیا ہے۔ ایرو ناٹیکل کمپلیکس کی جانب صرف ان افراد کو جانے کی اجازت دی جا رہی ہے جنہیں ائیر فورس کی طرف خصوصی کارڈ جاری کئے گئے ہیں۔ پولیس اور دیگر ایجنسیاں پنڈ سلیمان مکھن، کامرہ، گوندل، ہٹیاں اور ملحقہ علاقوں میں سرچ آپریشن کر رہی ہیں۔ گزشتہ روز حراست میں لیے گئے تیرہ مشکوک افراد میں سے بیشتر کو رہا کر دیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کامرہ ائیر بیس پر حملے کے ملزموں میں سے چند کے قریبی عزیز پنجاب میں رہائش پذیر ہیں جن کے کوائف اور تصاویر اکھٹی کی جا رہی ہیں۔