کانز : (جیو ڈیسک) فرانس کے شہر کانز میں دنیا کے سب سے بڑے فلمی فیسٹول کا رنگارنگ تقریب سے آغاز ہوگیا ۔ خوبصورت ساحلی شہر میں رنگارنگ افتتاحی تقریب کی میزبانی فلم دی آرٹسٹ کی اداکارہ بیری نائس بیجو نے کی ۔
پینسٹھ ویں کانز فلم فیسٹول میں سرخ لباس میں ملبوس بیجو جب اسٹیج پر نمودار ہوئیں تو ہال تالیوں سے گونج اٹھا۔ فیسٹول میں شامل بائیس فلموں میں بہترین فلم کا فیصلہ نو رکنی جیوری کرے گی ۔ جیوری کے سربراہ کے فرائض اطالوی ہدایت کار نانی مروتی ادا کررہے ہیں ۔
فلمی میلے کا باقاعدہ آغاز بچوں کے لئے بنائی گئی فلم مون رائز کنگڈم کے ورلڈ پریمیئر سے ہوا۔ افتتاحی تقریب میں فلم میں شامل فنکاروں نے بھی شرکت کی۔ دنیائے سنیما کا یہ رنگارنگ میلہ ستائیس مئی تک جاری رہے گا۔