کراچی اور لاہور میں سی این جی اسٹیشنز کھل گئے

cng

cng

لاہور اورکراچی میں سی این جی اسٹیشن کھل گئے ہیں جبکہ فیصل آباد میں صنعتوں کو4 دن اور سی این جی اسٹیشنز کو3روز کے لئے گیس کی فراہمی بندکردی گئی ہے۔ کراچی سمیت سندھ بھر میں سی این جی اسٹیشنز ایک دن کی بندش کے بعد جمعرات کی صبح 9بجے کھل گئے ۔
تمام سی این جی اسٹیشن پر کھلنے سے کچھ دیر پہلے سے ہی لمبی لمبی قطاریں لگ گئی تھیں۔ ادھر لاہور میں تین روز سے بند سی این جی اسٹیشنز بھی آج صبح کھل گئے ۔اطلاعات کے مطابق 72 گھنٹے گیس کی بندش کے بعد صارفین سی این جی کے حصول کے لئے طویل قطاروں میں کھڑے ہیں۔
دوسری جانب گیس کا بحران شدت اختیار کرتا جارہا ہے۔ سوئی ناردرن گیس کمپنی نے وزارت پٹرولیم کو سی این جی اسٹیشن جنوری اور فروری کے دوران بند رکھنے کی تجویز بھیج دی ہے۔ گیس لوڈ مینجمنٹ کے تحت فیصل آباد میں صنعتوں کو چار اور سی این جی اسٹیشنز کو تین روز کیلئے گیس کی فراہمی معطل کردی گئی ہے۔
سوئی ناردن گیس کمپنی کے مطابق رواں سال گیس کی کمی ایک ہزار ملین کیوبک فٹ تک پہنچنے کا خدشہ ہے۔ ذرائع کے مطابق تمام سیکٹرز کو گیس کی فراہمی ممکن نہیں۔ صورتحال سے نمٹنے کے لئے وزارت پٹرولیم کو جنوری اور فروری کے دوران سی این جی اسٹیشنز بند رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔