کراچی ایک بار پھر تشدد کی لپیٹ میں، فائرنگ ہنگامہ آرائی جاری

karachi

karachi

کراچی : (جیو ڈیسک)کراچی ایک بار پھر تشدد کی لپیٹ میں ہے۔ ٹارگٹ کلنگ میں متحدہ قومی موومنٹ کا کارکن جاں بحق اور خاتون زخمی ہوگئیں۔ فائرنگ ہنگامہ آرائی اور جلاؤ گھیراؤ کے واقعات کے باعث خوف وہراس پھیل گیا ہے۔

کراچی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایم کیو ایم کے پی آئی بی کالونی سیکٹر کمیٹی کے رکن منصور مختار جاں بحق ہوگئے۔ واقعے کے بعد شہر میں کشیدگی پھیل گئی۔ مختلف علاقوں میں مشتعل افراد نے فائرنگ اور ہنگامہ آرائی کی اور جلاؤ گھیراؤ کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ شرپسندوں نے مختلف علاقوں میں پولیس موبائل سمیت متعدد بسوں اور گاڑیوں کو جلا دیا۔

شہر کی صورتحال کے باعث پبلک ٹرانسپورٹ بند کردی گئی ہے۔ پیٹرول پمپس اور سی این جی اسٹیشنز بھی بند کردئیے گئے۔ ایم کیو ایم کے یوم سوگ پر کراچی کی تاجر تنظیموں نے کاروباری مراکز بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

شہر میں تمام تعلیمی ادارے بند ہوگئے ہیں جبکہ جامعہ کراچی اور جامعہ اردو میں آج ہونے والے تمام پرچے منسوخ کردئیے گئے۔ مختلف علاقوں میں نامعلوم افراد کی ہوائی فائرنگ وقفے وقفے سے جاری رہی۔ پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری طلب کرلی گئی ہے جو کشیدہ علاقوں میں گشت کر رہی ہے۔ ناگزیر وجوہات کی بنا پر سندھ کابینہ کا اجلاس ملتوی کردیا گیا۔