کراچی (جیوڈیسک) کراچی کے علاقے خد ا کی بستی اور گلبہار میں رینجرز اور پولیس نیسرچ آپریشن کے دوران درجنوں افراد کو حراست میں لے لیا، علاقوں کی ناکہ بندی سے مکینوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔شہر قائد میں ٹارگٹ کلنگ اور قتل کی بڑھتی ہوئی وارداتوں کے بعد قانون نافذ کرنے والے ادارے متحرک ہوگئے اور جرائم پیشہ افراد کی اطلاع پر کاروائیوں کا آغاز کردیا گیا ہے۔ سرجانی ٹاؤن کے علاقے خدا کی بستی کو رات گئے رینجرز کی بھاری نفری نے اچانک گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔ آپریشن کے دوران علاقے کے تمام داخلی اور خارجی راستوں بھی بند کر دیا گیا جس کے باعث رات گئے گھروں کو لوٹنے والوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
کچھ لوگوں نے سٹرک کو ہی اپنا بستر بنا لیا جبکہ اکا دکا لوگوں نے وہاں پر ہی دستر خوان بچھا لیا۔ ناکہ بندی کے دوران خواتین اور بچوں کے ساتھ ساتھ ولیمے سے لوٹنے والا دولہا بھی پھنس گیا۔ دوسری جانب جرائم پیشہ افراد کی اطلاع پر پولیس کی بھاری نفری نے گلبہار کے مختلف حصوں میں بھی ٹارگٹڈ آپریشن کرتے ہوئے 30 سے زائد افراد کو حراست میں لے لیا۔ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارون کی کارروایئوں کے باوجود شہر میں قتل وغارت کا سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا۔ شہریون کا کہنا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے موجودہ صورت حال قابو کرنے میں مکمل طور پر نا کام نظر آرہے ہیں۔