کراچی میں امنِ عامہ کی انتہائی کشیدہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے فرنٹیئر کانسٹیبلری کو طلب کر کے انہیں پولیس کے اختیارات سونپ دیے گئے ہیں۔ پولیس حکام کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں میں منگل کو پرتشدد واقعات میں مزید دس افراد ہلاک ہوئے ہیں جس کے بعد دو دن میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد تینتیس تک پہنچ گئی ہے۔ منگل کی صبح کراچی کے علاقے مومن آباد سے دو لاشیں ملی ہیں جن کی ابھی تک شناخت نہیں ہو سکی۔ اس کے علاوہ شاہ فیصل کالونی، سائٹ اور عزیز بھٹی پارک کے علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں پانچ افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ کراچی میں قتل وغارت کرنے والوں کی نشاندہی کرنے والے یا ان کی تصویر یا ویڈیو فراہم کرنے والے کو بالترتیب پچاس لاکھ اور ایک کروڑ روپے انعام دیا جائے گا اور اطلاع دینے والے کا نام صیغ راز میں رکھا جائے گا۔