کراچی : راکٹ اور دستی بم سے حملہ، فائرنگ سے کئی افراد زخمی

 KARACHI POLICE

KARACHI POLICE

کراچی : (جیو ڈیسک)کراچی کے علاقے لیاری میں دو راکٹ اور ایک دستی بم سے حملہ کیا گیا ہے جس سے علاقہ تاریکی میں ڈوب گیا ہے جبکہ بس اسٹاپ پر فائرنگ سے کئی افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ آج دن بھر فائرنگ اور شیلنگ کا سلسلہ جاری رہا اب تک چار افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔

لیاری کے علاقے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے مسلسل چھاپوں کے دوران بے گناہ گرفتاریوں اور گھروں میں نامناسب رویئے کیخلاف لیاری کے مختلف علاقوں آٹھ چوک، لی مارکیٹ چوک، چاکیواڑہ سمیت کئی علاقوں میں دکانیں بند کردی گئی اور ہنگامہ آرائی و ٹائر نذرآتش کئے گئے۔

نامعلوم افراد کی جانب سے شدید ہوائی فائرنگ بھی کی گئی۔ ذرائع کے مطابق سی آئی ڈی نے سینگولین کے علاقے سے چار افراد کو گرفتار کیا۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ ہمیں خدشہ ہے کہ گرفتار افراد کو ان کاونٹر میں ہلاک نہ کردیا جائے۔انہوں نے گرفتار افراد کی رہائی کا مطالبہ بھی کیا ہے۔احتجاج کے باعث علاقہ میں دکانیں بند اور ٹریفک درہم برہم ہوگیا۔دریں اثنا ایس پی سٹی خرم وارث نے کہا ہے کہ محدود وسائل اورنفری کے باوجود پولیس لیاری کے حالات کو کنٹرول کرنے کی کوشش کر رہی ہے ۔ آئندہ چند گھنٹوں کے دوران لیاری میں امن قائم ہوجائے گا۔

ایس پی سٹی خرم وارث نے میڈیا کو بتایا کہ گذشتہ روز لیاری میں چند افراد کواسلحہ سمیت گرفتار کیا گیا تھا جس کے بعد شرپسند عناصر کی جانب سے لیاری میں ہنگامہ آرائی کی گئی۔ایف سی اور رینجرز کے تعیناتی کے حوالے سے پوچھے گی سوال پر ان کا کہنا تھا کہ اس بارے میں وہ کچھ نہیں کہہ سکتے۔