کراچی میں زندگی آج بھی امن کی بھیک مانگتی رہی، خاتون سمیت چھ افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔ پولیس نے دو مبینہ بھتہ خور اور دو اغوا کار گرفتار کر لئے۔
شہر قائد میں قاتلوں نے تعطیل پر بھی خون بہانے کا سلسلہ نہ روکا، اسلحہ سے انسانی جانوں کا شکار کیا جاتا رہا۔ ڈاکس تھانے کی حدود میں مچھر کالونی سے ایک شخص کی لاش ملی جس کی شناخت ریاض کے نام سے ہوئی۔ قائد آباد میں فائرنگ سے پینتیس سالہ شاہ نذر جاں بحق ہو گیا۔ ابوالحسن اصفہانی روڈ پر فائرنگ کر کے پینتیس سالہ انور کو موت کی نیند سلا دیا گیا۔ شیر شاہ کے علاقے میں شہری نے فائرنگ کر کے مبینہ ڈاکو کو ہلاک کر دیا۔ پولیس کے مطابق مقتول نیو مظفرآباد میں چوکیداری کرتا تھا اور واقعہ دشمنی کا نتیجہ ہے۔ دوسری جانب ڈیفنس پولیس نے دو مبینہ بھتہ خور فیضان اور مظہر کو گرفتار کر لیا۔ ملزموں کے مطابق ان کی یہ واردات تھی۔ انھوں نے صرف خوف پیدا کرنے کے لئے طالبان کا نام استعمال کیا۔