کراچی (جیوڈیسک) سب سے پہلے بات کرتے ہیں کراچی کی جو ایک بار پھر لہو لہان ہو گیا، ایک گھنٹے میں فائرنگ اور پرتشدد واقعات کے دوران سابق ٹان ناظم لیاقت آباد اور سابق فرسٹ کلاس کرکٹر سمیت 11 افراد جاں بحق ہو گئے۔ چار دوستوں کی بوری بند لاشیں شہر کے مختلف علاقوں سے برآمد ہوئیں۔ سابق ٹان ناظم لیاقت آباد ڈاکٹر پرویز محمود کی گاڑی پرنارتھ ناظم آباد کے ڈی اے کے قریب فائرنگ کی گئی۔ ان کے ہمراہ فرسٹ کلاس کرکٹر خلیق اللہ بھی تھے۔ دونوں موقع پر جاں بحق ہو گئے۔ لاشیں عباسی شہید اسپتال منتقل کر دی گئی ہیں۔
ڈاکٹر پرویز محمود کا تعلق جماعت اسلامی سے تھا۔دوسری جانب چار دوستوں ناصر عرف بابا، عمر، ظفر اور ان کے ایک ساتھی کو صبح چڑیا گھر سے اغوا کیا گیا تھا۔ چاروں دوستوں کی بوری بند لاشیں رات کو شہر کے مختلف علاقوں سے برآمد ہوئیں۔ نیپئر کے علاقے میں فائرنگ سے ایک شخص ناصر کو قتل کیا گیا۔ گلشن اقبال کی رہائشی عمارت سے ماں بیٹی کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔ کلری میں فائرنگ سے جنان خان جبکہ شاہ فیصل کالونی میں فرحان ہلاک ہو گیا۔ اورنگی ٹان اقبال مارکیٹ میں فائرنگ کے واقعے میں ڈاکٹر شہزاد زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھا۔