کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں فائرنگ سے سیاسی جماعت کے کارکن سمیت تین افراد کو قتل کر دیا گیا جبکہ دو زخمی ہوگئے۔ سیاسی جماعت کے کارکن کی ہلاکت پر سول اسپتال میں مشتعل افراد نے توڑ پھوڑ بھی کی۔ بھتہ خور سمیت 10 ملزموں کو حراست میں لے لیا گیا۔
سرجانی ٹاون کے علاقے یوسف گوٹھ میں فائرنگ سے 32 سالہ عادل لاشاری جاں بحق اور منور زخمی ہو گیا۔ دونوں کا تعلق سیاسی جماعت سے ہے۔ مقتول کی لاش اور زخمی کو سول اسپتال منتقل کیا گیا جہاں مشتعل افراد نے توڑ پھوڑ کی۔ کھارادر میں فائرنگ سے زخمی ہونے والا شعیب بھی سول اسپتال میں دم توڑ گیا جس کے بعد توڑ پھوڑ میں شدت آگئی۔ ناظم آباد نمبر دو کے علاقے سے ایک نا معلوم شخص کی لاش ملی اور سائٹ ایریا میں بھاوانی چالی کے قریب گھر کے باہر کھڑا سہیل فائرنگ سے زخمی ہو گیا۔ دوسری جانب ایوب گوٹھ میں پولیس نے بھتہ خور غلام مصطفی کو گرفتار کر لیا جبکہ اس کا ساتھی فرار ہوگیا۔
یوسف گوٹھ میں رینجرز نے چھاپہ مار کرتین افراد کو حراست میں لے کر اسلحہ برآمد کر لیا۔ حراست میں لئے افراد جلا گھیرا، ہنگامہ آرائی اور ڈکیتی کی وارداتوں میں مطلوب تھے۔ رینجرز نے ناظم آباد میں بھی کارروائی کر کے 6 افراد کو حراست میں لے کر منشیات کی بھاری مقدار برآمد کر لی۔