کراچی (جیوڈیسک) ووٹرز کی گھر گھر تصدیق کیلئے الیکشن کمیشن عملے کے تحفظ کیلئے پاک فوج کے دستے کراچی پہنچ گئے ہیں، انہتر لاکھ چھبیس ہزارسے زائد ووٹوں کی گھر گھر جا کر تصدیق کا عمل آج سے شروع ہو گا۔
صوبائی الیکشن کمشنر محبوب انور کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں صاف شفاف ووٹر لسٹ کی تیاری میں پاک فوج ، رینجرز ، پولیس اور دیگر اداروں کے علاوہ ایم کیو ایم سمیت تمام سیاسی جماعتیں تعاون کریں گی۔
الیکشن کمیشن نے کراچی کے13 شماریاتی بلاک بنائے ہیں۔ 5 رجسٹریشن آفیسرز ، 197 اسسٹنٹ رجسٹریشن آفیسرز ، 3 ہزار 216 سپروائزر کی نگرانی میں 11 ہزار 300 افراد پر مشتمل عملہ فوج کی مدد سے پورے شہر میں ایک ساتھ خانہ شماری کے بعد ووٹرز کی تصدیق کا عمل شروع کریں گے۔