کراچی میں فائرنگ سے گیارہ افراد ہلاک

karachi killing

karachi killing

کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں آج صبح کھارادر کے علاقے میں ایک مسافر بس پر فائرنگ کے نتیجے میں ایک خاتون جاں بحق ہوگئی جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد گیارہ ہوگئی ہے۔ رات بارہ کے بعد سے صرف ایک گھنٹے کے دوران دس افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔ مختلف واقعات میں دو افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس حکام کے مطابق نارتھ کراچی کے علاقے میں ڈسکو مورڑ کے قریب ہوٹل پر نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے پانچ افراد جاں بحق اور ایک شخص شدید زخمی ہوگیا۔

جاں بحق ہونے والو ں میں شرجیل،نوید،ظہور،شوکت،عاطف شامل ہیں جبکہ حسن نامی شخص کو شدید زخمی حالت میں عباسی شہید اسپتال کے ایمرجنسی وارڈ میں منتقل کردیا گیا ۔اس واقعے سے چند منٹ قبل نیوکراچی فائیو سی کے علاقے میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے تین افراد جاں بحق ہوگئے جس کے نام یحیی، مجاہد اور فیضان بتائے جاتے ہیں۔

اس سے قبل واٹر پمپ چورنگی کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے قاری شاکراور قاری آصف جاں بحق ہوگئے۔واقعہ کے خلاف مشتعل افراد نے سڑک پر شدید احتجاج کیا اور روڈ بلاک کردیا۔صورتحال پر قابو پانے کے لیے پولیس کی جانب سے کچھ شیلنگ بھی کی گئی جس کے بعد مظاہرین منتشر ہوگئے۔رات گئے ڈی جی رینجرز نے ڈسکو موڑ پر پیش آنے والے واقعے کا دورہ کیاجس کے بعد متاثرہ علاقوں میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی اضافی نفری کو تعینات کردیا گیا ہے۔