کراچی : صوبائی وزیر داخلہ سندھ منظور وسان نے کہا ہے کہ کراچی میں قیام امن کے لئے اب بڑے اقدامات اٹھائے جائیں گے، شہر میں مختلف گروہ دہشت گردی کی وارداتوں میں ملوث ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل کرائسز مینجمنٹ سیل میں وفاقی وزیر داخلہ عبدالرحمان ملک کی زیر صدارت ہونے والے اعلی سطحی اجلاس کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں آئی جی سندھ، ڈی آئی جی کراچی، رینجرز اور دیگر ایجنسیوں کے افسران نے شرکت کی۔ منظور وسان نے مزید کہا کہ آج کے ہونے والے اجلاس میں اہم اور مربوط فیصلے کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں امن بحال کریں گے ، کسی کو بھی اس شہر میں بدامنی اور دہشت گردی کی کارروائیاں کرنے نہیں دیں گے۔ صوبائی وزیر داخلہ نے کہا کہ کراچی کے حوالے سے بڑے فیصلے وفاق کرے گا جبکہ صوبائی حکومت بھی اپنے فیصلے کرے گی۔ منظور وسان نے کہا کہ کراچی کے حالات بہتر کرنے کے لئے رینجرز اور پولیس کو خصوصی ہدایت جاری کر دی گئی ہے اور اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا ہے کہ اب ہدایت کے ساتھ ساتھ عملی اقدامات بھی کئے جائیں۔ صوبائی وزیر داخلہ سندھ منظور وسان نے کہا کہ سندھ میں اب ایک بلدیاتی نظام ہے، اس سلسلے میں حکومت اپنے اتحادیوں سے بات چیت کرے گی اور ان کے خدشات دور کرے گی۔ صوبائی وزیر داخلہ نے کہا کہ صوبے میں امن و امان کی صورتحال کی بہتری کیلئے موثر اقدامات کئے جائیں گے، کسی کو بھی لا اینڈ آرڈر کو خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔