کراچی میں ڈینگی وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد ساڑھے چار سو سے تجاوز کر گئی۔ مزید چوبیس مریض مختلف اسپتالوں میں داخل کرادئے گئے۔ پنجاب کے بعد صوبہ سندھ بالخصوص کراچی میں ڈینگی نے شدت اختیار کرلی ہے۔ کراچی کے مختلف سرکاری اور نجی اسپتالوں میں مزید ستائیس افراد کو ڈینگی کے شبے میں لایا گیا جن میں سے چوبیس مریضوں کو اسپتالوں میں داخل کرلیا گیا۔ چودہ افراد میں وائرس کی تصدیق کی گئی۔ جبکہ تیرہ کی ٹیسٹ رپورٹ آنا باقی ہے۔ رواں سال کراچی میں چار سو چھپن افراد ڈینگی وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں۔ جن میں سے سات کی ڈینگی کے باعث موت واقع ہوچکی ہے۔ دوسری جانب سندھ کے دیگر اضلاع میں رواں سال ڈینگی وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک سو دس ہو گئی ہے۔