کراچی : (جیو ڈیسک) ہڑتال کے باوجود کھلنے والا کراچی کا حصص بازار بدھ کو اتار چڑھائو کے بعد مندی کی لپیٹ میں آگیا جس کے نتیجے میں ہنڈریڈ انڈیکس 13400 پوائنٹس کی حد برقرار نہ رکھ سکا۔
حصص بازار کے بنیادی ہنڈریڈ انڈیکس میں کاروبار کے اختتام پر 61 پوائنٹس کی گراوٹ دیکھی گئی جو 13430 پوائنٹس سے گِر کر 13369 پوائنٹس پر بند ہوا۔ ٹریڈنگ کے دوران ہنڈریڈ انڈیکس میں 102 پوائنٹس کا انتہائی اضافہ بھی دیکھا گیا تاہم بلیو چپس کمپنیوں میں غیرملکی سرمایہ کاروں کی جانب سے فروخت کے دبائو نے تیزی کے رجحان کو مندی سے تبدیل کردیا۔
مندی کے باعث سرمایہ کاروں کو چودہ ارب روپے کا جھٹکا لگ گیا۔ حصص بازار کے مجموعی سرمائے کی مالیت چونتیس کھرب انتیس ارب روپے سے گھٹ کر چونتیس کھرب پندرہ ارب روپے پر آگئی۔ مجموعی کاروباری حجم میں معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا جو سات کروڑ چھیتر لاکھ حصص رہا۔