کراچی : سابق وزیراعلی سندھ اور عوامی اتحاد پاکستان کے سربراہ لیاقت جتوئی نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے کرپشن کے تمام رکارڈ توڑ دیئے ہیں ، اب ملک توڑنے کے چکر میں ہے، جس کے خلاف عید کے بعد عوامی رابطہ مہم شروع کی جائے گی۔ اپنی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے لیاقت جتوئی کا کہنا تھا کہ کراچی کے حالات کو کنٹرول کرنا اب کسی کے بس کی بات نہیں فوج ہی واحد حل ہے جو حکومت میں بیٹھے ہوئے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلا تفریق کارروائی کر سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک اس وقت سنگین صورتحال سے دو چار ہے، جمہوریت پٹڑی سے اتر گئی تو واپس آسکتی ہے اگر ملک پٹری سے اتر گیا تو پھر واپس نہیں ملے گا، یہ ملک ہے تو ہم سب ہیں۔ انہوں نے چیف جسٹس آف پاکستان سے اپیل کی کہ وہ صورتحال کا نوٹس لیں اور این آر او کا فیصلہ سنائیں کیونکہ عوام ان کی طرف امید لگائے بیٹھے ہیں۔ لیاقت جتوئی کا کہنا تھا کہ عید کے بعد ملی صورتحال پر آل پارٹیز کانفرنس بلائی جائے گی جس میں تمام ہم خیالوں کو بلاکر حکومت کے خلاف رابطہ مہم شروع کی جائے گی۔