کراچی : یوم عاشور پر کسی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کیلئے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔ کراچی سول اسپتال میں ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کیلئے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ ڈاکٹر سیریش کمار کا کہنا ہے کہ ڈاکٹرز اور اسٹاف کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں اور کسی بھی سانحہ سے نمٹنے کیلئے ادویات سمیت دیگر آلات وافر مقدار میں موجود ہیں۔ ایمرجنسی کی صورت میں ڈاکٹرز کی ٹیم اور پیرامیڈیکل اسٹاف اسپتال میں ہر وقت دستیاب ہوں گے۔ ڈاکٹر آصف کا کہنا ہے کہ اسپتال میں چالیس سے زائد بیڈ اور بلڈ بینک میں خون کی تھیلیاں وافر مقدار میں موجود ہیں۔ آج جلوس کے راستوں کے علاوہ اسپتالوں میں بھی سیکورٹی اہلکار موجود ہیں۔ سیکورٹی کے پیش نظر اسپتال میں غیر متعلقہ گاڑیوں کا داخلہ ممنوع کر دیا گیا ہے۔ اسپتالوں میں کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ڈاکٹر اور پیرامیڈیکل اسٹاف کے ساتھ ادویات اور خون وافر مقدار میں موجود ہے۔