برصغیر کے معروف گلوکار کشور کمار کو دنیا سے رخصت ہوئے دو عشروں سے زائد کاعرصہ گزر گیا لیکن وہ اپنی گائیکی کی بدولت آج بھی لوگوں کے دلوں میں بستے ہیں ۔ابھاس کمارالمعروف کشور کمار بھارتی فلم انڈسٹری کا وہ نام جس نے اس صنعت کو کامیابی سے ہمکنار کرایا۔ آج ان کو مداحوں سے بچھڑے پچیس برس بیت گئے۔ پانچ سو سے زائد فلموں میں ہزاروں لازوال اور سدابہار گیت گانے والے کشور کمار چار اگست انیس سو انتیس کوبھارتی ریاست مدھیاپردیش کے بنگالی گھرانے میں پیدا ہوئے۔ان کا اصل نام ابھاس کمارتھا۔
انہوں نے اپنے کیریئرکا آغاز انیس سو چھیالیس میں فلم شکاری میں اداکاری سے کیااور پہلا گانا انیس سو اڑتالیس میں فلم ضدی کیلئے گایا۔انہوں نے اسی کے قریب فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے لیکن فلم پڑوسن میں نبھائے گئے ان کے کردار کو سب سے زیادہ شہرت حاصل ملی۔کشور کمار نے گلوکاری اور اداکاری کے علاوہ فلم پروڈیوسر، میوزک کمپوزر، اسکرین رائٹر اور اسکرپٹ رائٹر کا بھی کام سر انجام دیا لیکن انہیں جتنی پذیرائی گلوکاری میں ملی اتنی دوسرے شعبے میں حاصل نہیں ہوسکی۔
کشور کمار کو انیس سو انتہر میں فلم ارادھنا کے لئے بہترین گلوکار کا فلم فیئر ایوراڈ ملا۔ کشور کمار نے اداکارہ مدھو بالا اور لینا چندروارکر سے شادیاں کیں۔ وہ تیرہ اکتوبر انیس سو ستاسی کو اٹھاون سال کی عمر میں دل کا دورہ پڑنے سے چل بسے لیکن اپنے ہزاروں گیتوں اور منفرد فنکارانہ اداوں کیساتھ وہ آج بھی کروڑوں دلوں میں زندہ ہیں۔