کلر کہار کے قریب موٹر وے سالٹ رینج میں اسکول کی بس کے حادثے میں جاں نحق افراد کی تعداد 37 ہوگئی ہے جبکہ اٹھائیس زخمی بچوں کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔ گذشتہ روز کلر کہار کے قریب اسکول بس بریک فیل ہونے کے باعث بے قابو ہوکر کھائی میں گرگئی تھی۔ ضلع فیصل آباد میں آج تمام تعلیمی ادارے، دفاتر اور بازار بند ہیں۔ ملت گرامر اسکول فیصل آباد کی بس اسکول کے بچوں کے کلرکہار کے تفریحی دورے کے بعد واپس فیصل آباد جارہی تھی۔ اس دوران تیز رفتاری کے باعث کھائی میں جاگری۔ پولیس کیمطابق بس میں سو سے زائد طلبہ اور اسکول کا دیگر عملہ سوار تھا۔ جاں بحق ہونے والوں میں اکثریت بچوں کی ہے جبکہ وائس پرنسپل سمیت اسکول کا دیگر عملہ بھی جاں بحق افراد میں شامل ہے۔ چھیتر سے زائدزخمی بچوں اور دیگر افراد کو طبی امداد کیلئے ڈی ایچ کیو اسپتال اور فوجی فانڈیشن اسپتال چکوال منتقل کردیا گیا۔ زخمی بچوں کے مطابق بس اچانک تیز ہو گئی ڈرائیور نے بتایا کہ بریک فیل ہو گئے ہیں۔ پھر موڑ کاٹتے ہوئے بس گرگئی ۔ اس اندوہناک سانحے پر اہم ملکی شخصیات نے گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا ہے اور لواحقین سے دلی تعزیت کی ہے۔ ڈی سی او فیصل آباد کے مطابق ضلع بھر میں آج تمام تعلیمی ادارے، دفاتر اور بازار بند رہیں گے۔ وزیر اعلی پنجاب نے فوری طور پر واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے تین رکنی تحقیقاتی کمیٹی قائم کر دی ہے۔