کنجاہ ویگن سٹینڈ پر دھوپ اور گرمی سے بچاؤ کا کوئی انتظام نہیں
Posted on April 23, 2012 By Geo Urdu گجرات
کنجاہ :گرمی کی شدت کا موسم پھر آگیا مگر کنجاہ ویگن سٹینڈ پر دھوپ اور گرمی سے بچائو کا کوئی انتظام نہیں کیا گیا ۔ تمام ویگنیں کھلے آسمان تلے کھڑی ہوتیں ہیں ۔ شدید گرمی اور دھوپ کے موسم کے باوجود مسافروں کے لیے کوئی سایہ دار جگہ ہے نہ پینے کے لیے ٹھنڈے پانی کا کوئی انتظام کیاگیا ہے ۔ چند ماہ قبل کنجاہ پریس کلب کی درخواست پر ڈی سی او گجرات نوازش علی نے ویگن سٹینڈ کنجاہ کی تعمیر کا منصوبہ منظور کیا اور اس پر کام کے لیے اخبار میں ٹینڈر بھی جاری کیا گیا جو کہ کسی مجبوری کی بناء پر کینسل کر دیا گیا ۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ہر سال ویگن اسٹینڈ اور پارکنگ فیس کی مد میں لاکھوں روپے ضلعی حکومت وصول کرتی ہے مگر مسافروں کو کوئی بھی سہولت فراہم کرنے سے گریزاں ہے ۔ حکومت اس بات کا نوٹس لے ۔ کنجاہ پریس کلب کے صدر یاورعباس اور دیگر عہدیداران نے ایک بار پھر ڈی سی او گجرات سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ ویگن اسٹینڈ کی تعمیر کے منصوبے کو فوری طور پر بحال کر کے کام شروع کرایا جائے ۔