پاکستان : (جیو ڈیسک) کوئٹہ سمیت بلوچستان کے بالائی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، موسلادھار بارشوں سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے، بارشیں شروع ہونے کے بعد صوبے بھر میں بجلی کی فراہمی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔
بعض علاقوں کی بجلی گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے منقطع ہے کوئٹہ، مستونگ، بولان، زیارت، لورالائی، ژوب قلعہ سیف اللہ، کوہلو، قلعہ عبداللہ اور دیگر علاقوں میں گزشتہ روز شروع ہونے والا موسلا دھار بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے رات بھر جاری رہا، جبکہ بعض علاقوں میں ژالہ باری بھی ہوئی، بارشوں اور ژالہ باری کی وجہ سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے۔
ژوب سے ذرائع کے مطابق گزشتہ روز پہاڑی علاقوں میں بارشوں کی وجہ سے ندی نالوں میں طغیانی آ گئی محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کوئٹہ، ژوب، قلات اور مکران ڈویژنز میں مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے، بارشوں کا سلسلہ شروع ہونے کے بعد کوئٹہ سمیت صوبہ بھر میں بجلی کی فراہمی بری طرح متاثر ہوئی ہے ،صوبائی دارلحکومت کے بعض علاقوں میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں سے بجلی منقطع ہے۔