کوئٹہ (جیوڈیسک) کوئٹہ میں دہشت گردی کا سلسلہ نہ تھم سکا ، مسلح افراد کی فائرنگ سے انسپکٹر اور سیاسی رہنماء حبیب جالب کے بھتیجے سمیت 4 افراد جاں بحق ہو گئے۔
اسمنگی روڈ کے علاقے غیر آباد میں مسلح افراد کی فائرنگ سے انسپکٹر کامران جاں بحق ہو گئے۔ مشرقی بائی پاس پر ایک دکان میں موٹر سائیکل سواروں نے بی این پی مینگل کے رہنماء حبیب جالب بلوچ کے بھتیجے عبدالعزیز کو ہلاک کر دیا۔ سریاب روڈ کے علاقے گاہی خان چوک کے قریب مدرسہ انوار العلوم کے مہتمم اور مسجد کے پیش امام امیر بخش کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا۔
دوسری طرف پولیس نے سیٹلائٹ ٹاؤن کے علاقے میں ایک خالی پلاٹ میں زیر زمین چھپایا گیا اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کر لیا۔ ان میں چھ بوری بارود، دو بم، درجنوں ڈیٹونیٹر، پانچ کلاشنکوف، پانچ پستول، سینکٹروں گولیاں اور بم میں استعمال ہونے والے آلات شامل ہیں۔ پولیس کے مطابق برآمد کی جانے والی کلاشنکوفوں کو گزشتہ ماہ کے دوران چار پولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ میں استعمال کیا گیا۔