کوئٹہ(جیوڈیسک)کوئٹہ میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 6 ہوگئی۔ جاں بحق ہونے والوں میں دو پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔ ٹارگٹ کلنگ کے خلاف شہریوں نے احتجاج کیا اور ایک گاڑی کو آگ لگا دی۔کلی اسماعیل میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ اس سے پہلے ارباب کرم خان روڈ پر مسلح افراد نے دکاندار محمد صدام کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان ڈکیتی کی غرض سے دکان میں داخل ہوئے تھے اور مزاحمت پر دکاندار کو قتل کیا، ملزمان رقم لوٹ کر فرار ہوگئے۔
سبزل روڈ پر پودگلی چوک میں نامعلوم افراد نے گھر کے باہر بیٹھے افراد پر فائرنگ کر دی جس سے دو افراد جلال الدین اور محیب اللہ جاں بحق ہوگئے۔ جیل روڑ پر نامعلوم افراد نے مسجد کے باہر ڈیوٹی پر ماموردو اہلکاروں پر فائرنگ کر دی جس سے محمد صادق نامی اہلکار موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا جبکہ محمد آصف اسپتال میں دم توڑ گیا۔ شہر میں ٹارگٹ کلنگ کے خلاف شہریوں نے اسمگلی روڈ پر احتجاج کیا اور ایک گاڑی کو آگ لگا دی۔ مظاہرے کی وجہ سے ایک گھنٹے تک ٹریفک بلا ک رہی۔