کوئٹہ: (جیو ڈیسک) اسپنی روڈ پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے خاتون سمیت پانچ افراد جاں بحق اور چھ زخمی ہو گئے۔ ہزارہ ٹاؤن سے کوئٹہ شہر آنے والی سوزکی پک اپ پر کلی مبارک کے قریب فائرنگ کی گئی جس سے دو افراد موقع ہر ہی جاں بحق ہو گئے۔ زخمیوں کو بی ایم سی اور سول ہسپتال منتقل کیا گیا۔ سول ہسپتال لائی جانے والی خاتون زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی جس کے بعد تمام زخمیوں کو سی ایم ایچ منتقل کردیا گیا۔ جبکہ مرنے والوں کی نعشیں بی ایم سی ہسپتال میں رکھ دی گئی ہیں۔
پولیس کے مطابق واقعہ ٹارگٹ کلنگ ہے۔ ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے جبکہ کل یوم سیاہ اور شٹرڈاؤن کی اپیل کی گئی ہے۔ پشتونخوا ملی عوامی پارٹی نے بھی واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔