کھیلیں خوشگوار زندگی کا بھر پور اظہارہیں: ڈاکٹر محمد نظام الدین

گجرات:کھیلیں خوشگوار زندگی کا بھر پور اظہار ہیں۔ یہ نہ صرف جسمانی صحت کے لیے ناگزیر ہیں بلکہ ذہنی اور فکری صلاحیتوں میں اضافہ کا ذریعہ بنتی ہیں۔ فیصلہ کرنے کی قوت، مقابلے کی صلاحیت، جدت، نئی تراکیب، اسلوب جیسی خوبیوں میں اضافہ کا باعث بنتی ہیں۔ جیت میں بردباری اورہار میں حوصلہ نہ ہارنے اور اپنے کھیل کا تنقیدی جائزہ لینے، ٹیم ورک میں مل کر کام کرنے اور بے لوثی جیسی صلاحیتیں جنم لیتی ہیں۔ میں آپ سب کو کھیلوں میں کامیابیاں اور میڈلز لینے پر مبارکباد دیتاہوں۔ مجھے آپ سے توقع ہے کہ آپ یونیورسٹی آف گجرات کا نام روشن کرتے رہیں گے۔ ان خیالات کا اظہار یونیورسٹی آف گجرات کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد نظام الدین نے چیئرمین سپورٹس بورڈ محمد مشتاق بھٹی کی سربراہی میں انٹر ورسٹی تائیکو وانڈو اور کراٹے چیمپیئن شب میں پوزیشن حاصل کرنے والے کھلاڑیوں سے یونیورسٹی کمیٹی روم میں ملاقات کے دوران کیا۔ ٹیم مینجر ڈپٹی ڈائریکٹر سپورٹس اخلاق احمد خان نے وی سی کو بتایا کہ انٹر ورسٹی چیمپیئن شپ میں یو او جی کو نمایاں کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں۔ تائیکو انڈو 60کلوگرام کے گروپ میں بی بی اے چوتھے سمسٹر کے عمر فاروق نے کانسی کا میڈیل جیتا جبکہ کراٹے چیمپیئن شپ میں بی بی اے چوتھے سمسٹر احتشام افضل نے50کلوگرام کے گروپ میں چاندی کا میڈل جیتا۔ اسی طرح60کلو گرام کے گروپ میں عمر فاروق جبکہ 70کلو گرام کے گروپ میں ذیشان اختر نے کانسی کے میڈیل جیتے۔ اس تقریب میں یونیورسٹی کے رجسٹرار محمد اکرم بھٹی بھی موجود تھے۔ جنہوں نے طلباء کی کامیابیوں پر خوشی کا اظہار کیا اور مبارکباد دی۔ اس موقع پر وائس چانسلر نے سپورٹس آفیسرز ناصرہ پروین، ثوبیہ نذیر اور غلام فزا کو لڑکیوں کے کھیلوں کے مقابلے منعقدکرنے کی ہدایت دی۔ انعامات جیتنے والی ٹیم نے وائس چانسلر کے ساتھ گروپ فوٹو بنوایا۔